پیناڈول کا انرجی ڈرنکس کے ساتھ استعمال اور حقائق

تحریر: دل آرام

جب آپ پیراسیٹامول کھاتے ہیں تو وہ معدے اور پھر آنتوں میں اور وہاں سے خون میں جذب ہو کر جگر میں پہنچ جاتی ہے ، جگر میں موجود خامرے اس کے کیمیائی اسٹرکچر کو توڑ کر مختلف بائی پروڈکٹس بناتے ہیں جن میں ایک کا نام ناپکیو ہے جو انتہائی خطرناک کیمکل ہے اور جگر کے خلیوں کو بری طرح تباہ کرتا ہے ،
لیکن اچھی بات یہ ہے کہ یہ بہت تھوڑی مقدار میں بنتا ہے یعنی پیراسیٹامول کی گولی کا صرف دس فیصد، اور اسکو بھی بے ضرر بنانے کیلیے جگر میں کیمیکلز کی ایک اور فوج ہے یعنی گلوٹاتھیون جو ناپکیو کے ساتھ تعامل کر کے اسکو ناکارہ کر دیتی ہے ،

بری بات یہ ہے کہ جگر میں گلوٹاتھیون بہت تھوڑی مقدار میں ہوتا ہے

اگر آپ پیراسیٹامول کی زیادہ گولیاں کھا لیں گے یعنی قریبا آٹھ سے دس گرام یا سولہ سے بیس گولیاں (ایک گولی پانچ سو ملی گرام کی ہوتی ہے ) تو بہت زیادہ ناپکیو بنے گا جس کو بے ضرر بناتے بناتے آپ کا گلوٹاتھیون کا ذخیرہ ختم ہو جاۓ گا ، اور اضافی ناپکیو جگر کے خلیوں کو بری طرح تباہ کرنا شروع کر دے گا ، عموما پندرہ گرام کے آس پاس پیراسیٹامول اکھٹی لینے پر موت بھی واقع ہو سکتی ہے ،

انرجی ڈرنکس ، چاۓ ، کافی ، چاکلیٹس میں کیفین نامی ایک کیمیکل ہوتا ہے ، اگر کیفین والی خوراک کو نارمل مقدار میں پیراسیٹامول کے ساتھ لیں تو یہ نقصان دہ نہیں ہے بلکہ معمولی مقدار میں یہ پیراسیٹامول کے کام کو بہتر بناتی ہے ، پیناڈول کی گولیوں میں دونوں اجزاء (پانچ سو ملی گرام پیراسیٹامول اور پینسٹھ ملی گرام کیفین ) شامل ہوتے ہیں ،

البتہ اگر ایک حد سے زیادہ مقدار میں کیفین کو پیراسیٹامول کے ساتھ لیا جاۓ  تو جب جگر میں پیراسیٹامول ٹوٹ رہی ہو تو کیفین معمول سے زیادہ ناپکیو بنواتی ہے ، اسکا نقصان یہ ہے کہ پیراسیٹامول کی تھوڑی مقدار بھی جگر کیلیے اور زندگی کیلیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے ، یہی کچھ شراب بھی پیراسیٹامول اور آپ کے جگر کے ساتھ کرتی ہے ،
کیفین کی مضر صحت مقدار کی رینج مختلف لوگوں کیلیے مختلف ہے پر عموما حاملہ عورتوں میں یہ تین سو ملی گرام اور بالغ لوگوں میں پانچ سو ملی گرام تک سمجھی جاتی ہے ،

اس تصویر میں انرجی ڈرنکس اور مختلف کولڈ ڈرنکس میں کیفین کی مقدار دکھائی گئی ہے ،

اس سے بچنے کا طریقہ یہ ہے کہ کیفین والی خوراک اور پیراسیٹامول میں کم ز کم چار سے پانچ گھنٹے کا وقفہ رکھیں ، ممکن ہو تو پیراسیٹامول کی جگہ ڈسپرین یا بروفین لے لیں ، پیراسیٹامول کی مقدار کم سے کم رکھیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *