تحریر۔لاریب فاطمہ ملک
کہتے ہیں کہ کشمیر جنت نظیر ہے اور بے شک جنت کبھی کسی کافر کی نہیں ہوسکتی،گزشتہ چند دنوں سے کشمیر جنت نظیرکو سفاک بھارتی افواج خون میں نہلارہی ہیں ،عالمی دہشتگرد مودی کی بھارتی فورسز کشمیر جنت نظیرکے نوجوانوں کو بیلٹ گنوں سے چھلنی کررہے ہی ہیں،کئی مائوں کے جگر گوشے جذبہ آزادی سے سرشار ہو کر شہادتوں کے رتبے پاچکے ہیں،کئی نوجوان زخمی ہیں لیکن پھر بھی اُن کا جذبہ آزادی کم نہیںہوا کیونکہ اُنہیں پتا ہے کہ آزادی کا سورج ضرور ایک دن طلوع ہوگا۔گزشتہ دنوں بھارتی فورسز نے دن دیہاڑے 20نوجوانوں کو شہید کردیا جس پر پوری وادی میں ہنگامے اور مظاہرے شروع ہوگئے جس کے بعد حریت راہنمائوں کو بھارتی فورسز نے نظر بند کردیا،موبائل فون سروس سمیت پوری وادی میں آمدو رفت بند ہوگئی۔کشمیر پر حالیہ مظالم سے جہاں پاکستان اور پوری امت مسلمہ میں شدید غم وغصے کا اظہار کیا گیا وہاں ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو عالمی دہشتگرد قراردیدیا،پاکستان میںکشمیر میں حالیہ مظالم کیخلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور مظلوم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔پاکستان کی سیاسی وسماجی شخصیات اور پاک فوج کے سربراہ نے بھی بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بھارت اپنی سفاکانہ کارروائیوں سے کشمیریوں کا جذبہ حق خودارادیت نہیں دبا سکتا اور اُسے کشمیریوں کو آزادی دینی ہوگی۔گزشتہ روز وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان شاہد خاقان عباسی نے بھی کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظفر آباد کا دورہ کیا۔اس موقع پر صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان ،وزیر اعظم آزاد کشمیرراجہ فاروق حیدر ودیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پر بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیریوںکیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔اس موقع پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے نمائندوں سے ملاقات بھی کی وزیر اعظم پاکستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے‘ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل
کیلئے ہر سطح پر کاوشیں جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ خود اور کابینہ ارکان کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے آزادکشمیر آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کابینہ کے خصوصی اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارتی فوج کے ظلم اور بربریت پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم پاکستان نے حریت نمائندوں کو بتایا کہ کابینہ کے خصوصی اجلاس میں بھارتی فوج کے ظلم اور جبر کی شدید مذمت کی گئی۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزارت خارجہ اور تمام سفارتی سفارتی مشنز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے کے لیے متحرک ہیں۔اس موقع پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے حریت کانفرنس کے رہنماؤں اور نمائندوں کی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کوششوں اور قربانیوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ جس انداز سے مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی جارحیت کا سامنا کررہے ہیں وہ قابل قدر ہیں۔وزیراعظم نے شرکاء کو بتایا کہ پاکستان کی حکومت چھ اہم دارالحکومتوں میں اپنے نمائندے بھیجے گی تاکہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور وہاں پر جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا بھر میں اجاگر کیا جاسکے۔اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کیلئے دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر آواز اُٹھائی اور پوری دُنیا کو صاف طور پر باور کرایا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک بھارت سے کسی طرح کے مذاکرات نہیں ہوسکتے اور پاکستان کا سب سے پہلا مطالبہ کشمیر کی آزادی ہے ۔ اس بارے میں موجودہ جمہوری حکومت مسلم لیگ ن کی کاوشیں قابل تحسین ہیںکہ موجودہ جمہوری حکومت کے دور میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ،وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور اِن کی پوری ٹیم نے ہر بین الاقوامی پلیٹ فورم پر کشمیر کا مقدمہ بھرپور طریقے سے لڑااور مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کی۔جذبہ آزادی کیلئے جہاں کشمیری عوام نے بھرپور قربانیاں دیں اور سفاک بھارتی افواج کا مقابلہ کررہی ہیں ،وہاں حریت راہنمائوں کا جذبہ آزادی بھی قابل تحسین ہے ،یاسین ملک،علی گیلانی ،شبیر احمد شاہ ودیگر راہنمائوں نے تمام تر مظالم اور نظر بندیوں کے باعث آج تک بھارت کے آگے سرنہیں جھکایا اور ہمیشہ آزادی کیلئے آواز بلند کی۔اب بھارت کو چاہیے کہ وہ اپنی سفاکیت کو چھوڑ کرکشمیریوں کواُن کا حق خود ارادیت دے کیونکہ اگر بھارتی مظالم جاری رہے تو پورے خطے کا امن وسکون تباہ ہوجائے گا۔دوسری طرف بھارت خود بھی اندرونی طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہورہا ہے ،سکھوں کی آزادی کی تحریک بھی دن بدن زور پکڑتی جارہی ہے ،کئی علیحدگی پسند تنظیمیں جنم لے چکی ہیں ،بھارت میں رہنے والے مسلمان بھی بھارتی سفاکانہ کارروائیوں سے تنگ آچکے ہیں،اگر بھارت نے اب بھی اپنی روش نہ بدلی تو نہ صرف بھارت اندرونی طور پر بلکہ بیرونی طور پر بھی نقصان اٹھائے گا ۔اب تو بھارت کی کئی سیاسی جماعتیں بھی نریندر مودی کے مظالم کیخلاف آواز اٹھا رہی ہیں کیونکہ مودی کے دور حکومت میں جتنے مظالم مقبوضہ کشمیر،اندرون بھارت مسلمانوں اور کئی اقلیتوں پر ڈھائے گئے اس سے بھارت خود نقصان اٹھا رہاہے ،دوسری طرف بھارت آئے روز پاکستان کے سرحدی علاقوں پر بھی اشتعال انگیزی کررہا ہے اور سیز فائر کی خلاف ورزیاں بھارت کا معمول بن چکا ہے ،پاکستان نے بھی صاف طور پر کہہ دیا ہے کہ بھارت نے اگر اپنی روش نہ بدلی تو اُسے اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔اب عالمی برادری،اقوام متحدہ کو بھی چاہیے کہ وہ بھارت پر زور دیں اور دبائو ڈالیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اُن کا حق خودارادیت دے۔وہ دن دور نہیں جب کشمیری شہداء کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور کشمیر کو سفاک بھارت سے آزادی ملے گی۔آخر میں ایک شعر نذر قارئین ہے کہ
یاران جہاں کہتے ہیں کشمیر ہے جنت
جنت کسی کافر کو ملی ہے نہ ملے گی
[starlist][/starlist][facebook][tweet][digg][stumble][Google][pinterest]