شعبہ خطاطی کا آغاز

تاریخ: 28مئی2018

شعبہ خطاطی کا آغازاسلامی خطاطی کے عظیم ورثے کے احیا ء کا باعث ہو گا۔عرفان صدیقی
ادارہ فروغ قومی زبان میں قائم ہونے والا شعبہ خطاطی ہمارے مسلم ورثہ کے فروغ کا باعث بنے گا۔ یہ بات مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی نے ادارہ فروغ قومی میں شعبہ خطاطی گیلری کے افتتاح کے موقع پر کہی۔ انھوں نے کہا کہ خطاطی کا علم مسلمانوں کی نمایاں میراث ہے جو عدم توجہی کا شکار رہی۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ جب انھوں نے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کا چارج سنبھالا تو ان کی یہ خواہش تھی کہ مسلمانوں کے خطاطی جیسے عظیم ورثے کو دوبارہ سے زندہ کرنے کے لیے کوششیں کی جائیں۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میںڈویژن کے وفاقی سیکریٹری انجینئر عامر حسن ، جائنٹ سیکریٹری سید جنید اخلاق اور ادارہ فروغ قومی زبان کے ڈائریکٹر جنرل افتخار عارف نے بھر پور تعاون کیا اور آج شعبہ خطاطی کا آغاز ہو رہا ہے۔ اس میں مختلف مدت کے خطاطی کے کورس ہوں گے جن سے بچے ، نوجوان،خواتین، مرد ،ہر طبقہ فکر اور ہر عمر کے افراد فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔شعبہ خطاطی گیلری کے افتتاح کے موقع پر این بی ایف کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انعام الحق جاوید اور خطاطی کے اساتذہ و طالب علموں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔عرفان صدیقی نے ادارہ فروغ قومی زبان کے افسران و عملہ کو شاباش دی اور ان کی علمی صلاحیتوں کی تعریف کی۔ ڈائریکٹر جنرل افتخار عارف نے مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی اور ڈویژن کے سیکریٹری اور افسران کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر ادارہ فروغ قومی زبان کی طرف سے عرفان صدیقی کو ایک یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔
سید سردار احمد پیرزادہ
مدیر اعلی ماہنامہ اخبار اردو
ادارہ فروغ قومی زبان،اسلام آباد
موبائل:0333-5203905




Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*