ووٹ کی اہمیت

تحریر : سیّد عزیر الہدی (پکارِ عزیر
اس بات کا علم تو شاید ہر بچے بچے کو ہو کے عنقریب ملک پاکستان میں الیکشن کا دن آرہا ہے۔ سیاسی پارٹیاں ووٹ لینے کے لئے اور پاکستانی عوام ووٹ دینے کے لئے بے تاب ہیں۔ اور ہر سیاسی پارٹی اور ہر سیاستدان اپنا جلوہ دکھانے میں مصروف ہے۔ اور یہی روایت رہی ہے کہ الیکشن سے قبل تمام پارٹیاں عوام میں اپنا سکہ منوانے میں مصروف ہوجاتی ہیں جس کو جس طرح موقع ملتا ہے اس طرح محنت میں لگ جاتا ہے۔
دراصل ووٹ ہماری قومی امانت ہے یہ وہ قیمتی اثاثہ ہے جس کی بنیاد پر عوام و خواص پر اثرات مرتب ہوتے ہیں ، قوموں کے عروج و زوال کی داستانیں رقم ہوتی ہیں ، حکومتوں کی پالیسیوں کے تبدیل ہونے کے امکانات روشن ہوتے ہیں۔ قطع نظر اس بات سے کہ ایک عام آدمی اس بات کی اہمیت سے نا آشنا ہوتا ہے کہ اس کا ووٹ اس کے ملک کی بقاء اور سا لمیت کے لیے کتنی اہمیت کا حامل ہے۔ ہمارا رب بھی اس معاملے میں ہماری رہنمائی کرتا ہے اور فرماتا ہے۔
’’ اور امانتیں اس کے اہل کے سپرد کرو ‘‘
اسی طرح کے احکامات اور بھی ملتے ہیں کہ
’’ اپنے صاحب امر کی اطاعت کرو جبکہ وہ تمہیں اسلام کے مطابق چلا رہے ہوں گو کہ تمہارے حکمراں کا سر منتہیٰ کے سچ کی مانند ہوں۔ ‘‘



تو یہاں ہم کو ایک سبق ملتا ہے کہ ہمیں اپنے حکمرانوں کے انتخاب میں سوجھ بوجھ سے کام لینا ہے کہ وہ ایسے صاحب امر کو منتخب کرتا ہے جو ہم کو ہمارے رب کے احکامات کے مطابق چلائے اور اسلامی نظام کا نفاذ کروائے۔ اللہ کی زمین پر اس کے رسول ﷺ کا نظام نافذ ہو۔ اللہ کے نظام کا پابند ہو کیونکہ اس ملک کی بنیاد ہی اسی نظریہ پر رکھی گئی ہے کے اس ملک میں اسلامی نظام رائج ہو۔ ہم وہ حکمران منتخب کریں جو ہمارے ‘سابقون الاولون’ کی مانند ہوں ، جو سادہ مزاج ہوں ، مستحق لوگوں کا حق مارنے کے بجائے ادا کرنے والے ہوں۔۔ جسکے بارے میں اللہ کے سب سے لاڈلے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے کتنی اچھی بات ارشاد فرمائی کے۔
“اے اللہ ہمیں ایسے حکمران نصیب فرما جو آپ سے ڈرنے والیں ہوں اور ہم پر رحم کھانے والیں ہوں”
ہمیں بھی چاہئے کے ہم بھی اس دعا کو اپنا معمول بنالیں
اور پھر ہمارا پیارا ملک پاکستان تو بنا بھی اسی بنیاد پر تھا کہ یہاں پر مسلمان اللہ کے احکامات کے مطابق زندگی بسر کر سکیں۔
اسی لیے ہمارا وطن پاکستان ایک ایسی ریاست کا خواب لیے ہے جو خالصتاً اسلامی ریاست ہے۔ ’ مدینے کی ریاست‘ کی طرح۔۔ ایک ایسی صاف شفاف اور پر سکون ریاست کہ ہر انسان کو اپنی جان و مال اور عزت و ا?برو یہاں محفوظ لگے ، کسی بھی قسم کا خوف نہ ہو۔ا ایسی فلاحی اسلامی ریاست کہ مائیں جب بچوں کو درس گاہوں میں بھیجیں تو ان کو کسی کی دہشت گردی کا نشانہ بننے کا خوف نہ ہو۔ جہاں کاروبار کے لیے مرد معاش کے میدان میں جائیں تو کسی تنظیم یا فرد کی جانب سے پھانسے جانے کا ڈر نہ ہو۔۔ ہم ایک ایسی اسلامی فلاحی ریاست کا تصور رکھتے ہیں کہ ’ ایک عورت سونا اچھالتی ہوئی ملک کے ایک کونے سے دوسرے کونے میں جائے مگر اسے راستے میں کسی طرح کا ڈر نہ ہو ، سوائے بھیڑیے کے‘ لہٰذا ایسی ریاست کا خواب اسی صورت میں پورا ہو گا جب رب کے حکم کے مطابق ہم اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے۔ قرآن میں ہے کہ
’ اے لوگو جو ایمان لائے ہو انصاف کے علمبردار اور اللہ واسطے کے گواہ بنو ‘۔ (سورۃ النساء آیت135)۔
اللہ تعالیٰ کا اپنے بندوں سے وعدہ ہے کہ جب وہ احکامات کے مطابق زندگی گزاریں گے تو ان کے لیے زمین سے رزق اْبلے گا۔ اور آسمان سے برسے گا۔ وہ برکت و عافیت ہو گی۔ وہ سْکھ اور چین کی ایک ایسی وادی ہو گی جہاں سے نکل کر کہیں جانے کو ان کا دل نہ چاہے گا۔ جہاں خزاں کا گزر تک نہ ہو گا، تیز و تند ہوائیں لوگوں کے گھروں کی چھتوں کو اْجاڑ نہ سکیں گی۔ پھر پاکستان میں فحاشی و عریانیت کا دور دورہ نہ رہے گا۔
پھر انسان اپنے رب کے سامنے شکر گزار بندوں کی طرح حاضر ہو گا۔ خاکساروں کی طرح اس کا طرز گفتگو ہو گا اور شرم و حیا عورت و مرد کا زیب و زینت ہو گا۔ ہم پر فتن حالات میں بھی اپنے رب سے نا امید نہیں ہیں بلکہ دعا گو ہیں کہ ہمارے ملک کی باگ ڈور ایسے مسلمان حکمران کو بخش دے جو ہر چیز کو امانت سمجھے۔۔ اور اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافذ کرے۔



پس میں اپنے قارئین و عوام کو بس اتنی سی بات سمجھانا چاہتا ہوں کہ آپ پر لازم ہے کہ کسی خوف و جبر یا لالچ کے بغیر صرف اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ رکھنے کے لیے اپنی رائے کا بہترین استعمال ووٹ سے کریں اور امانت دار ، دیانت دار قیادت کو منتخب کریں پھر یقیناً نظام کی تبدیلی آئے گی۔ قانون بھی ہوگا اور امن و امان بھی۔ خیال رکھیں کہ ووٹ ایک امانت ہے اور کل اس کی باز پرس ہو گی۔آپ کو اللہ کے سامنے جوابدہ ہونا ہے۔
اس احساس کو بیدار کرتے ہوئے 25 جولائی 2018 کو اپنے قیمتی ووٹ کا اہل کسی ایماندار اور دیاندار کو بنائیں اور ایسے شخص کو بنائیں جو اوروں کے مقابلے میں اللہ سے زیادہ ڈرنے والا اور ہم پر رحم کھانے والا ہو
امید ہے آپ اپنے ووٹ کا اہل ایسے شخص کو بنائیں گے جو ہماری عوام کے لئے آسائشیں پیدا کرے۔ اسلام کے غالب اور ملک پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہو۔۔
اللّٰھم لا تسلط علینا من لا یرحمنا ولا یخافک فینا

[facebook][tweet][digg][stumble][Google][pinterest]



Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *