کپتان ۔عمران خان

(محسن علی ساجد)
آج سے تقریباً 26سال پہلے کی بات ہے ،ہمارے لڑکپن کا زمانہ تھا،دُنیا میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم کا طوطی بولتا

Mohsin Ali Sajid

تھااور خاص کر اُس وقت قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان عمران خان اخباروں کی شہ سرخیوں کی زینت ہوا کرتے تھے ،ایک خوبصورت جوان جو اپنی ٹیم میں اصولوں پر کاربند رہنے والا کپتان دُنیا میں جانا جاتا تھا ،کپتان کو فلمی ستاروں سے بھی زیادہ دُنیا پسند کرتی تھی ،واقعی ایک ہیرو تھا،مجھے آج بھی یاد ہے 25مارچ1992ء کا وُہ دِن جب میلبرن کے کرکٹ میدان میں قومی کرکٹ ٹیم اورانگلینڈکرکٹ ٹیم کے مابین ورلڈ کپ کا فائنل میچ کھیلا جارہا تھا،پوری قوم کی نظریں ٹیلی ویژن پر جمی ہوئی تھیں،ملک کے دُور افتادہ علاقے جہاں ٹیلی ویژن کی سہولت نہیں تھی وہاں کے عوام ریڈیو کانوں کے ساتھ لگائے مسلسل میچ سُن رہے تھے ۔ہمارے پاس اُس ٹائم بلیک اینڈ وائٹ ٹیلی ویژن ہوا کرتا تھا،پورا محلہ ہمارے گھر میں بیٹھا ہوا تھا اور جوں ہی قومی ٹیم کا کوئی کھلاڑی وکٹ گراتا تو ہم سب خوب شور مچاتے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کرتے۔بچے ،بڑے سب کے دِلوں سے قومی کرکٹ ٹیم کیلئے دُعائیں نکل رہی تھیں،بزرگ ہاتھوں میں تسبیح کے دانے پروتے جاتے اور ساتھ ساتھ اپنے شاہینوں کو داد تحسین بھی پیش کرتے جاتے پھرہماری زندگی کا وُہ یادگار لمحہ آیا جب قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان عمران خان کی کپتانی میں ٹیم نے انگلینڈ کو شکست دی اور عالمی کپ اپنے نام کرلیا۔ میچ جیتنے کے بعد ہی ہمارے بزرگ سجدہ ریز ہوگئے تھے اور ہم سب گلیوں میں نکل آئے تھے اور خوب جشن منایا تھا۔آج پھر انتخابات 2018ء میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد وہی سماں ہے ۔عوام پاکستان تحریک انصاف کے کپتان عمران خان سے اُمید لگائے ہوئے ہیں کہ جس طرح کپتان نے کرکٹ ٹیم کو عالمی کپ دیا تھا اِسی طرح وطن عزیز پاکستان جو اِس وقت کئی مسائل وگرداب کا شکار ہے کو انشااللہ ضرور ایشین ٹائیگر بنائینگے۔ہم نے انتخابات 2018ء سے قبل ہی کہہ دیا تھا کہ اب عوام اُسے ہی منتخب کرینگے جو عوام کے دِل جیتے گااور اس میں کوئی شک نہیں کہ آج پاکستانی قوم عمران خان سے تمام اُمیدیں رکھتی ہے کیونکہ عمران خان نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد جب اپنی سیاسی جماعت بنائی تو تقریباً22سال تک اُنہوں نے ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں سے مقابلہ کیا اور اُن کی محنت اور لگن کا ہی ثمر ہے کہ آج عوام نے اُن کو نمائندگی کا حق دیا ۔دوسری جانب ہم سلام پیش کرتے ہیں پاکستان کی چٹان صفت مسلح افواج کو جنہوں نے انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے اپنا بھرپور کردار اداکیا،الیکشن کمیشن آف پاکستان اور دوسرے اداروں کا کردار بھی قابل تحسین ہے۔نگران حکومت نے بھی انتخابات مقررہ وقت پر کروا



کر ثابت کردیا ہے کہ وطن عزیز میں جمہوریت کا جو پودا نشونما پارہا تھا اُسے مزید پھلنے پھولنے دیا جارہا ہے۔نگران حکومت،پاک فوج اور ملکی اداروں کا ایک دوسرے کے ساتھ تعاون مثالی رہا۔ اگر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سیاسی زندگی کا بغور جائزہ لیا جائے تو چیئرمین تحریک انصاف نے کئی مسائل اور گرداب کا سامنا کیا،سیاسی تنقید،پارٹی کو مضبوط کرنا،رابطہ مہم اور کئی مسائل سے گزرنا پڑا ۔اس حوالے سے عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما خان کا ٹویٹ بھی نظروں سے گزرا 25جولائی کو جب تحریک انصاف کامیاب ہوئی تو جمائما خان نے ٹویٹ کیاکہ ’’عمران خان آج 22سال بعد آپ کی محنت رنگ لائی ہے لیکن آپ اپنے مشن کو نہ بھولنا‘‘ہم بھی چیئرمین تحریک انصاف جناب عمران خان صاحب سے اُمید کرتے ہیں کہ بے شک آج اتنے سالوں بعد آپ کی محنت رنگ لائی ہے لیکن کپتان یقینا عوام کو مسائل کے گرداب سے نکالنے میں ضرور کامیاب ہونگے ،دوسری جانب عالمی دُنیا بھی چیئرمین تحریک انصاف اور ملک کے متوقع وزیر اعظم سے اُمید کرتی ہے کہ عمران خان عالمی دُنیا سے بھی پاکستان کے تعلقات مزید بہتر بنائینگے،برادر ملک افغانستان کے صدر اشرف غنی،ایران ،امریکہ اور خاص کر بھارت کی جانب سے مبارکباد اِس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی دُنیا آج بھی پاکستان کے متوقع وزیر اعظم جناب عمران خان کو بطور ہیرو دیکھتی ہے ۔دوسری جانب پاکستان کا سب سے قریبی دوست چین بھی یقینا پاکستان کی نئی حکومت کیساتھ اپنے تعلقات کو مزید بڑھائے گااور سی پیک جیسے عظیم منصوبے مسلسل کامیابیوں سے ہمکنار ہوتے رہیں گے۔گزشتہ روز بنی گالہ میں پاکستان کے عظیم دوست چین کے سفیر نے بھی جناب عمران خان صاحب سے ملاقات کی اور اُنہیں مبارکباد دی۔پاکستان کو جِن مسائل کا سامنا ہے اُن میں سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے جس کیلئے پاکستان کے چیف جسٹس جناب ثاقب نثار کی کوششیں قابل تحسین ہیںاور اُمید ہے نئی حکومت بھی اِس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے مزید اقدامات اُٹھائے گی۔آخر میں ہم دیگر تمام سیاسی جماعتوں سے بھی ملتمس ہیں کہ وہ جمہوری عمل کو رواں دواں رہنے کیلئے نئی حکومت کا ساتھ دیںاور اپوزیشن میں بیٹھ کر اپنا بھرپور کردار ادکریں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

[facebook][tweet][digg][stumble][Google][pinterest]




Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *