(تحریر۔محسن علی ساجد)
سادگی،کفایت شعاری ،فضول خرچی سے پرہیزموجودہ جمہوری حکومت کے وزیراعظم اسلامی جمہوریہ

پاکستان جناب عمران خان کے ایسے نعرے ہیں جنہیں نہ صرف پوری قوم بلکہ اپوزیشن جماعتوں ، بین الاقوامی میڈیا سمیت سب نے سراہا ہے ،دین مبین اسلام بھی سادگی اختیار کرنے اور فضول خرچی سے پرہیز کا درس دیتا ہے،قرآن مجید فرقان حمید میں بھی اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ فضول خرچی سے اجتناب کرو ،حضور پُرنور نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیﷺ کی حیات بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہے ،اِسی طرح خلفائے راشدینؓ اور اہلبیت اطہار ؓ کی سادگی بھی ہمیں سبق دیتی ہے کہ ہم کفایت شعاری اختیار کریں۔پروٹوکول کلچر کیخلاف جناب عمران خان شروع سے ہی آواز اُٹھاتے آئے ہیں اور جب اُنہوں نے وزیر اعظم کا منصب سنبھالا تو سب سے پہلا اعلان ہی یہ کیا کہ پروٹوکول کلچر نہیں چلے گا،عمران خان کے اس اقدام کے ساتھ ہی کچھ وفاقی وزراء نے بھی پروٹوکول کلچر ترک کردیا اور اکثر وزراء نے تو اپنی تنخواہ سمیت سرکاری مراعات لینے سے بھی انکار کردیا،نامزد گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور جو کہ ایک منجھے ہوئے سیاستدان ہیں اور گزشتہ دور حکومت میں بھی اِس عہدہ پر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں نے بھی اعلان کیا کہ وُہ سرکاری تنخواہ سمیت سرکاری پروٹوکول بھی نہیں لینگے ،اِسی طرح پنجاب کے صوبائی وزیر اور وزیر اعظم جناب عمران خان کے قریبی ساتھی علیم خان صاحب نے بھی اپنی وزارت کا قلمدان سنبھالتے ہی اعلان کردیا کہ وہ تمام سرکاری مراعات نہیں لینگے۔اگر اِسی طرح ہر وزیر قومی خزانے کی بچت اور کفایت شعاری مہم میں وزیر اعظم جناب عمران خان کے ساتھ شانہ بشانہ چلا تو نہ صرف ملکی اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ اِس خطیر رقم سے پوری قوم کو فائدہ ہوگا،وزیر اعظم ہائوس کی پروٹوکول گاڑیوں کیلئے گزشتہ روز نیلامی کا اعلان کردیا گیا ہے جلد ہی اِن کی نیلامی سے حاصل شدہ رقم قومی خزانہ میں جمع کرائی جائیگی،بے شک یہ بہت احسن اقدام ہے ،کیونکہ اگر وطن عزیز کو درپیش مسائل سے نکالنا ہے تو ہمیں کفایت شعاری اختیار کرنی پڑے گی دوسری جانب وفاقی حکومت وطن عزیز میں امن وامان کی بحالی کیلئے بھی مسلسل کوشاں ہے ،گزشتہ دِنوں وزیر اعظم عمران خا ن کا دورہ جی ایچ کیو اور پاک فوج کے سپہ سالار آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سمیت اعلیٰ افسران سے ملاقات اور بریفنگ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وطن عزیز کی نئی حکومت پاک فوج کے ساتھ مل کروطن عزیز کے امن وامان ترقی وخوشحالی کیلئے کام کرنا چاہتی ہے ۔
آج پورے ملک میں یوم دفاع پورے جوش وجذبہ سے منایا جارہا ہے ،6ستمبر1965ء ہماری عسکری تاریخ کا نہایت اہم دِن ہے ،یہ دِن ہمیں جنگ ستمبر کے ان دنوں کی یاددلاتا ہے جب پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم نے بھارتی جارحیت کیخلاف اپنی آزادی اور وقار کا دفاع کیا تھا،اِس دِن پاکستان کی بہادر قوم نے اپنی مسلح افواج کیساتھ یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ کیا تھا اور یہ جنگ پاکستانی قوم اور پاک فوج کی وُہ مشترکہ جدوجہد تھی جو آنیوالے نسلوں کیلئے مشعل ِراہ کا کام کرتی رہی گے،ہمیں یوم دفاع پر عہدکرنا ہوگا کہ ہم وطن عزیز کی ترقی ،خوشحالی،امن وامان کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔کیونکہ وطن ہے تو ہم ہیں۔بقول شاعر
میرے وطن کی مٹی میری بنی پہچان
جہاں روشن چاند ستارے وہ ہے میرا پاکستان
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
[facebook][tweet][digg][stumble][Google][pinterest]