سپہ سالار اوروزیر اعظم کا عزم

(تحریر۔محسن علی ساجد)
پوری قوم نے یوم دفاع ہر سال کی طرح امسال بھی بھرپور جوش وجذبہ کیساتھ منایا،شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا،جن میں 1965ء کے شہداء ،شہدائے اے پی ایس

Mohsin Ali Sajid

سمیت دہشتگردی اور امن وامان کیخلاف قربانیاں دینے والے عظیم سپوتوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا،سول و عسکری قیادتوں نے شہداء کے لواحقین سے ملاقاتیں بھی کیں ۔یوم دفاع پر پوری قوم کا جذبہ اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے پر دِل سے ایک ہی آواز اُبھری کہ
خُدا کرے میری ارض پاک پہ اُترے
وہ فصلِ گل جسے اندیشہ زوال نہ ہو
یوم دفاع کی مرکزی تقریب کا انعقاد جی ایچ کیو راولپنڈی میں کیا گیا جس میں مہمان خصوصی وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان جناب عمران خان تھے دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول



بھٹو زرداری،صدر مسلم لیگ ن محمد شہباز شریف سمیت سیاسی وسماجی شخصیات بھی مدعو تھیں،وزیر اعظم کی آمد پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے ان کا استقبال کیا ۔تقریب کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے کیا گیا جس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا۔معروف گلوکار ساحر علی بگا نے تقریب کے آغاز میں ملی نغمہ گایا۔بعد ازاں تقریب میں شہید جوانوں کے اہلخانہ پر مبنی مختصر فلم بھی دکھائی گئی جس نے حاضرین کی آنکھوں کو نم کردیا،پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے تقریب میں شہدا ء کو سلامی پیش کی۔بعد ازاں تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے سپہ سالار آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ میں یو م دفاع اور شہداء کی مرکزی تقریب کے موقع پر آپ سب کو خوش آمدید کہتا ہوں ، آج کا دن شہداء پاکستان سے اظہار یکجہتی کا دن ہے اور آپ سب کو یہاں دیکھ کر ہمارے اعتماد اور حوصلے میں مزید اضافہ ہوا ہے ٗ آپ تمام حضرات کا یہاں جمع ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ دفاع پاکستان کیلئے ہم سب یکجان ہیں۔سپہ سالار نے کہا کہ چھ ستمبر 1965 ہماری جنگی تاریخ کا اہم دن ہے یہ وہ دن ہے جب دفاع وطن کیلئے افواج پاکستان نے پوری قوم کی بھرپور حمایت کے ساتھ ایک مکار دشمن کے دانت کھٹے کئے ٗہر پاکستانی وطن کا سپاہی بنا اور وطن کی حفاظت کیلئے اہم کر دارادا کیا ٗ انہوںنے کہاکہ 1965کی جنگ میں قوم کے عزم اور بہادری کی داستانیں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ، آرمی چیف نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ستر ہزار سے زائد پاکستانی شہید اورزخمی ہوئے ۔انہوںنے کہاکہ ہمیں پاک فوج،سیکورٹی اداروں سمیت قبائلی علاقوں ٗ بلوچستان اور کراچی کے عوام کا شکرگزار ہونا چاہیے جن کے تعاون ، قربانیوں سے امن وامان کی کامیابیاں حاصل ہوئیں ۔ آرمی چیف نے کہاکہ زندہ قومیں اپنے شہداء کو نہیں بھول سکتیں اور جو قومیں بھول جاتی ہیں وہ مٹ جایا کرتی ہیں ۔ آرمی چیف کا کہنا تھاکہ ہمارے شہداء نے دفاع وطن کی خاطر اپنا آج ہمارے بہتر مستقبل کیلئے قربان کیا ٗ ہمارے عظیم شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا اور ہم پاکستان کو امن کا گہوارہ بنا کر دم لینگے ۔آرمی چیف کے خطاب کے بعد وزیر اعظم جناب عمران خان اورسپہ سالار نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان جناب عمران خان نے کہا کہ پاکستان کبھی بھی کسی کی جنگ میں شرکت نہیں کریگا ٗسول ملٹری تعلقات میں کوئی مسئلہ نہیں ، ہم سب کا ایک ہی مشترکہ مقصد ہے کہ مل کر ملک کو آگے لے جانا ہے ٗوزیر اعظم نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی بھی پاکستان کی بہتری کیلئے ہو گی ٗفوج ایسا ادارہ ہے جہاں میرٹ کا نظام ہے، ہمیں اپنے ادارے مضبوط کرنے ہیں ٗملک قرضوں میں ڈوبا ہے ٗ پاکستان اٹھے گا اور ایک عظیم قوم بنے گی ٗ آخر میں وزیر اعظم عمران خان نے قوم کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت نے انبیاء کے بعد سب سے زیادہ نعمتیں اور درجہ شہیدوں کو دیا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں پوری قوم کا جذبہ دیدنی تھا۔شہداء کی لازوال قربانیوں کوسلام پیش کرتا ہوں ۔یوم دفاع کی تقریب سے وطن عزیز کے دوبڑوں کا خطاب اور پاکستان کی مضبوطی کیلئے عزم کو پوری قوم خراج تحسین پیش کررہی ہے ،سول ملٹری تعلقات کی مضبوطی سے پاکستان روشن مستقبل کی جانب گامزن ہے،نئی وفاقی حکومت اداروں کی تطہیر اور بحرانوں پر قابو پانے کیلئے کوشاں ہے ،وزیر اعظم جناب عمران خان کی نئی ٹیم نے اپنا کام شرو ع کردیا ہے ،دوسری جانب وطن عزیز کی چٹان صفت مسلح افواج نے بھی دہشتگردوں کا صفایا کردیا ہے ،چند بَچے کُچے عناصر کو بھی جلد ہی ختم کردیا جائیگا۔آخر میں ایک شعر نذر قارئین ہے کہ
وطن ہمارا ایسا نہ چھوڑ پائے کوئی
رشتہ ہمارا ایسا نہ توڑ پائے کوئی
دِل ہمارا ایک ہے ،ایک ہے ہماری جان
پاکستان ہمارا ہے ہم سب کی ہے یہ شان
٭٭٭٭٭٭٭

[facebook][tweet][digg][stumble][Google][pinterest]




Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *